Best word Shafaat used in Urdu poetry by Urdu poets


شفاعت


"فن شعر کے لحاظ سے اس کام کے لیے کمال سخن وری اور نفس مظمون کے لحاظ سے اس کے لیے کمال آگہی درکار ہے اور پھر ان دونوں چیزوں کو جس چیز سے جلا ملتی ہے وہ عشق کا سرمدی جذبہ ہے۔ جو لفظوں کو تجلیات سے بھر دیتا ہے اور معانی اور وسعتیں سمو دیتا ہے۔ یوں نعت ایک مقدس آزمائش ہے۔ بیان عقیدت کی رو سے جو ہر ایمان کی آزمائش اور غایت غایات کی جستجو کے ضمن میں قوت ادراک کا امتحان سچی نعت لکھنے والوں کا مرتبہ انسانی اکتسابات کی معراج ہے۔ اس کا ہر سانس دیدار حبیبؐ کی منزل ہے۔"

(مجید امجد)

لفظ شفاعت کا استعمال مختلف شاعروں نے اپنے اپنے نعتیہ اشعار میں کیسے استعمال کیا ہے  ذیل میں چند اشعار دئیے گئے ہیں انکو پڑھیں اور اپنے ایمان کو تازہ کریں۔

پاس رکھتا ہے فقط ایک وہ کالی کملی

بانٹ دیتا تھا وہ لوگوں میں خزانے سارے

اک فقط اس کی شفاعت پہ ملے گی جنت

اس کے ہاتھوں میں ہیں بخشش کے بہانے سارے

(زاہد فخری)

بگڑی ہوئی بنتی ہے ہر بات مدینے میں

غم خوار محمدﷺ کی ہے ذات مدینے میں

آؤ بھی گنہگارو! پہنچو بھی مدینے میں

بٹتی ہے شفاعت کی خیرات مدینے میں

(مولانا عبدالستار خان نیازی)

جب کوئی بھی نہ مونس جاں ہو گا حشر میں

ڈھونڈے گی عاصیوں کو شفاعت حضور ؐکی

(مظہر الدین مظہر)

کوئی مخلوق میں ہے، جس کو یہ اعزاز حاصل ہوں؟

رسالت تخت ہے ان کا شفاعت تاج ہے ان ﷺ کا

(سید امین گیلانی)

آپ ؐحرف شفاعت کی خیرات دیں

میری ساری متاع ہنر آپ ﷺ کی

(محسن نقوی)

کہا خدا نے، شفاعت کی بات محشر میں

پہل حبیبؐ کرے، کوئی دوسرا نہ کرے

(ادیب رائے پوری)

روزمحشر شفاعت کے طالب ہیں ہم

یا شفیع امم یا حبیب ﷺ خدا

(افتخار احمد مظہر)

پیش حق مژدہ شفاعت کا سناتے جائیں گے

آپؐ روتے جائیں گے ہم کو ہنساتے جائیں گے

(احمد رضاخان بریلوی)

کافی ہے  یہ وسیلہ شفاعت کے واسطے

عاصی تو ہوں مگرہوں پشیمان یا    رسولؐ

(امیر مینائ)

مجھ کو فکرشفاعت ہوکیونکر دو کریموں کا سایہ ہے مجھ پر

اک طرف رحمت مصطفےؐ  ہے اک طرف لطف رب جلی ہے

( عبدالستار نیازی)

جس کے ماتھے شفاعت کا سہرا رہا

اسؐ  جبین سعادت پہ لاکھوں سلام

(مولانا رضا خاں بریلوی)

جب کھلےحشر میں گیسوئے شفاعت ان کے

ہم سے عاصی بھی نظر آئیں گے ابرار کے ساتھ

(حافظ مظہر الدین)

روح سے میری کہیں پیار سے یوں عزرائیل

کہ مری جان مدینے کو جو چلتی ہے تو چل

دم مردن یہ اشارہ ہو شفاعت کا ترے

فکر فردا تو نہ کر دیکھ لیا جائے گا کل

(محسن کاکوروی)

عرشی بھی سوالی ہیں فرشی بھی سوالی ہیں

ملتی ہے شفاعت کی خیرات مدینے میں

(محمد علی ظہوری)

 


Comments

Popular posts from this blog

The best quotes about Knowledge in Urdu and English

Mania and Reactions

The best Urdu word Mirror (آئینہ) Poetry in Urdu by Urdu different Poets